جمعہ 24 جولائی 2026 - 17:40
رتوڈیرو، سندھ میں متنازع بورڈ سے متعلق اجلاس، معاملہ قانون اور آئین کے مطابق حل کرنے پر اتفاق

حوزہ / پاکستان کے صوبہ سندھ کے شہر رتوڈیرو میں متنازع بورڈ پر درج عبارت کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر لاڑکانہ کی سربراہی میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں ضلعی انتظامیہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حکام اور دونوں فریقوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اجلاس ڈپٹی کمشنر لاڑکانہ منظور احمد چانڈیو کی زیر صدارت ان کے دفتر میں منعقد ہوا، جس میں ایس ایس پی چوہدری احمد فیصل سمیت متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔ اجلاس میں متنازع بورڈ پر درج عبارت کے حوالے سے دونوں فریقوں نے اپنے اپنے مؤقف اور دلائل پیش کیے۔

شیعہ فریق کی نمائندگی تین رکنی کمیٹی نے کی۔ جس میں سید شاہد حسین شاہ، شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری علامہ ریاض حسین الحسینی اور سید نور حسین شاہ شامل تھے اس کے علاوہ مولانا ڈاکٹر فرمان علی معصومی، مولانا ظہور حسین روحانی، مولانا مشتاق حسین مشہدی، مولانا مظہر حسین عابدی، مولانا ناصر مہدی ودیگران بھی موجود تھے۔ کمیٹی نے آئینی، قانونی، دینی اور تاریخی دلائل کی روشنی میں اپنا مؤقف پیش کیا۔

رتوڈیرو، سندھ میں متنازع بورڈ سے متعلق اجلاس، معاملہ قانون اور آئین کے مطابق حل کرنے پر اتفاق

اجلاس میں موجود افراد کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے معاملے کو مکمل طور پر قانون اور آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے حل کرنے کے عزم کا اظہار کیا جبکہ تمام فریقوں نے بھی امن و امان کی فضا برقرار رکھنے اور قانونی طریقہ کار پر اعتماد کا اعادہ کیا۔

شیعہ کمیٹی کے اراکین نے اجلاس کے بعد اپنے بیان میں کہا: انہیں اپنے پیش کردہ مؤقف پر مکمل اطمینان ہے اور انہیں امید ہے کہ متعلقہ حکام آئین و قانون کے مطابق فیصلہ کریں گے۔

انہوں نے عوام، بالخصوص نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ اس معاملے پر سوشل میڈیا استعمال کرتے ہوئے ذمہ داری، صبر اور احتیاط کا مظاہرہ کریں اور کسی بھی قسم کی اشتعال انگیز یا غیر مصدقہ معلومات کی تشہیر سے گریز کریں۔

واضح رہے کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تشکیل دی گئی کمیٹی اس معاملے کا جائزہ لے رہی ہے جبکہ حتمی فیصلہ متعلقہ قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد سنائے جانے کی توقع ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha